حکومت نے صوبے کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے،، صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ

اتوار 19 جنوری 2020 13:20

ہرنائی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2020ء) بی اے پی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیر پی ایچ ای ، واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، قوم پرست اور مذہبی جماعتوں نے صوبے میں اپنے دور حکومت میں ایسا کوئی کام نہیں کیا ہے جس سے صوبے کے عوام کو اجتماعی فائدہ ملا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ کا واویلاکرنے والوں کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکی ہے حکومت نہ تو ناہل ہے اور نہ ہی کسی کی بیسا کھیوں پر چل رہی ہے، صوبے کی ترقی کو دیکھ کر مسترد شدہ جماعتیں بوکھلاہٹ کاشکار نظر آرہی ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمران قوم پرست اور مذہبی جماعتوں نے عوام کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا چالیس سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے صوبے کو ترقی و خوشحالی دینے کی بجائے اپنی ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی پسماندگی کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنہوں نے چالیس سال اقتدار میں رہ کر عوام کی کوئی خدمت نہیں کی۔

موجودہ صوبائی حکومت نے بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں جوکہ صوبے کے عوام دیکھ رہے ہیں اور استفادہ بھی حاصل کررہے ہیں۔صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ پشتون قوم پرست جماعت سلیکٹڈ کا وایلا چھوڑ دے کیونکہ اب قوم باشعور ہوچکی ہے اور انکے جھوٹے نعروں سے ورغلا نے والے نہیں ہے قوم کو قوم پرستوں اور مذہبی جماعتوں کی اصلیت کا پہچان ہو چکا ہے۔

صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ جب ہم نے اقتدار کی بھاگ دوڑ سنبھالی توصوبہ مسائلستان بناہوا تھا لیکن اب صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھادیا گیا ہے ، صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں امن وامان کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں اداروں کو فعال بنادیا گیا ہے صوبے میں میرٹ کو بحال اور کرپش و کمیشن کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ صوبے میں گیس پریشر اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد ختم ہوجائے گا۔

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں