امن وامان کا قیام ،سڑکوں کی تعمیر ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، حاجی نورمحمد خان دمڑ

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:00

ہرنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) مسلم لیگ (ن )کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ حلقہ میں شامل دونوں اضلاع زیارت و ہرنائی میں امن وامان کے قیام ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ،ہرنائی کی قومی شاہراہوں کی تعمیر اور عوام کے اجتماعی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ،عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے، ضلع ہرنائی کے قبائلی معتبرین ،حمایت کرنے والے سیاسی جماعتوں پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دن رات محنت اور بھرپور انتخابی مہم چلانے کی بدولت کامیابی ملی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری کالج ہرنائی میں کاروان کی جانب سے منعقدہ اظہار تشکر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں قبائلی عمائدین ،کاروان کے کارکنوں ،سینئر اراکین ،انتخابات میں حمایت کرنے والے جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے بی اے پی کے رہنماء ملک مہراللہ خان ترین ، مسلم لیگ (ن )کے رہنماء ملک اسرار الحق عبدلانی ترین ،حاجی ملک محمد رضا ترین ،ملک ناظر شاہ ،میر مراد بلوچ ،عبدالناصر ترین ایڈووکیٹ ، اکبر خان ترین، ہرنائی بچاؤ تحریک کے چیئرمین سید نور محمد شاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی معتبرین نے ضلع ہرنائی میں امن وامان کے قیام ،ضلع ہرنائی کی قومی شاہراہوں کی تعمیر ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ،تحصیل شاہرگ کی فعالی ،سابق وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے اسپین تنگی کوسب تحصیل کا درجہ دینے پر عمل درآمد اور نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔رکن صوبائی اسمبلی حاجی نورمحمد خان دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہت جلد ہرنائی کے تمام پولنگ سٹیشن وائز دورہ کر کے عوام کے مسائل سننے کیلئے دوبارہ جلد تفصیلی دورہ کرونگا ،پارٹی کارکنوں اور حمایتیوں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو عوام کے روزمرہ مسائل حل کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے تمام بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ،حلقہ کے عوام نے دوسری بار مجھ پر اعتماد کرکے بھاری مینڈیٹ دے کرکامیاب کرایا ہے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ صوبائی کابینہ کی تشکیل کے بعد حلقے کے زیرالتواء ترقیاتی منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کرنے کے علاوہ گزشتہ حکومت میں منظور شدہ نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد کام شروع ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر عوام کو ذرائع آمدورفت کے بہترین مواقع فراہم کریں گے ،حلقہ انتخاب میں امن وامان کے قیام ،تعلیم ،صحت ،بجلی ،روزگار سمیت عوام کے اجتماعی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرونگا ۔ دریں اثناء حاجی نورمحمد خان دمڑ نے ہرنائی کے علاوہ ناکس شاہرگ اور خوست میں بھی عوام کاشکریہ ادا کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریبات سے خطاب کیا اور عوام کاشکریہ ادا کیا ۔

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں