آنے والی نسلوں کو قیام پاکستان کے مقاصداور آزادی کے لیے راہ ہموار کرنے والوں کی کاوشوں سے آگاہ کرنا ہمارا فرض ہے، راجہ ظفر الحق

ہفتہ 28 اگست 2021 19:33

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2021ء) پاکستان کا قیام مقصد عظیم کے لیے اللہ کے خصوصی کرم سے ہوا۔آزادی کی یہ نعمت کسی نے تھالی میں رکھ کر پیش نہیں کی بلکہ اس کے لیے سر سید احمد خان۔ڈاکٹر علامہ اقبال اور قائد اعظم جیسی عظیم ہستیوں نے طویل جدوجہد کی۔آنے والی نسلوں کو قیام پاکستان کے مقاصداور آزادی کے لیے راہ ہموار کرنے والوں کی کاوشوں سے آگاہ کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار موتمر عالم اسلامی اور سینٹ آف پاکستان کے سابق قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے سرسید ایجوکیشنل فاونڈیشن آف پاکستان کی جانب سے حسن ابدال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ان کے ہمراہ جسٹس (ر) میاں نذیر اختر۔ سرسید احمد خان کے خانوادے سے تعلق رکھنے والے سید احمد مسعود سمیت ملک بھر سے نمایاں شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی 21نامور شخصیات کو ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں شیلڈز پیش کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے پیچھے ایک طویل جدوجہد اور مقصد عظیم تھا مگر آج قوم کے بچوں تک ان قربانیوں کی حقیقت نہیں پہنچائی جا سکی جس میں ہم سب قصور وار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خواب کی تعبیر تھا جو جاگتی آنکھوں دیکھا گیا اور جس کی تعبیر کے لیے سرسید احمد خان۔علامہ اقبال اور قائد اعظم جیسی عظیم ہستیوں نے جدو جہد کی دیگر خطاب کرنے والوں نے بھی سرسید احمد خان اور دیگر شخصیات کے قیام پاکستان کے حوالے سے کردار پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا تھا کہ آج مسلمانوں کی پستی کا سبب دین اور قرآن سے دوری ہے۔

قرآن میں دنیا کے ہر شعبے کی رہنمائی موجود ہے مگر ہم نے اس کو سمجھنے کی کبھی کوشش ہی نہیں کی۔ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ان کی تربیت پر بھی محنت کرنا ہو گی اور انہیں باور کرانا ہو گا کہ پاکستان اللہ کے حکم اور منشاء سے قائم ہوا اور اس کے قیام میں نہ صرف لاکھوں جانوں کی قربانیاں پیش کی گئیں بلکہ اس کے قیام کے پیچھے ایک طویل مخلصانہ جدوجہد تھی ۔

ہمیں انہیں قائد اعظم اور علامہ اقبال جیسی ہستیوں کے بارے میں حقائق سے آگاہ کرنا ہو گا۔ قیام پاکستان کا خواب جاگتی آنکھوں سے دیکھا گیا تھا جسے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ تقریب میں جن شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے ان میں راجہ ظفر الحق۔سید احمد مسعود۔جسٹس میاں نذیر اختر۔پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم۔محمد شریف شاد۔ڈاکٹر غلام جیلانی برق(مرحوم)۔

برگیڈیر(ر) طارق جاوید ۔جبار مرزا۔ کرنل (ر) نوید ظفر۔کرنل (ر) سید ظفر الدین۔سید فراز مجتبیٰ۔ڈاکٹر ناصر جمال۔محمد ضیاء الدین۔پروفیسر منظور الحق صدیقی(مرحوم)۔قاضی ظہور الحق۔ابرار الحق شاکر۔ڈاکٹر توقیر احمد۔راجہ نور محمد نظامی۔عرفان طالب۔قاضی عبدالمالک۔مسکین مغل(مرحوم) شامل تھے جبکہ اس موقو پر سینئر ممبر بی او جی راجہ غیاث الدین بلبن۔چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر سرفراز خان اور صدر سرسید ایجوکیشنل فاونڈیشن طاہر درانی نے بھی خطاب کیا۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں