گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد جلد ہی فنکشنل کردی جائے گی، قدیم گورنمنٹ کالج کو یونیورسٹی بنانے کا بل اتفاق رائے سے منظور کیا تھا، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ

بدھ 23 جنوری 2019 19:38

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) سندھ کے وزیر ماحولیات ، ورکس اینڈ سروسز اور جیل خانہ جات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد جلد ہی فنکشنل کردی جائے گی، ہم نے سندھ اسمبلی میں سندھ کے قدیم گورنمنٹ کالج حیدرآباد کو یونیورسٹی بنانے کا بل اتفاق رائے سے منظور کیا تھا تاہم چند وجوہات اور عام انتخابات کی وجہ سے اس میں کچھ تاخیر ضرور ہوئی ہے لیکن اس کالج کو ہمارے ہی دور میں مکمل یونیورسٹی کا درجہ ملے گا۔

وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں انگریزی مباحثہ کے بعد صدارتی خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین شیخ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ یہ کالج قدیم اور جدید عمارت پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

میں یہاں Eلائبریری بنانے کا اعلان کرتا ہوں، یہ ایک عظیم درس گاہ ہے جہاں سے فارغ التحصیل ہونے والوں نے صوبہ ہی نہیں ملک و بیرونِ ملک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ صوبہ کا حق ہے ۔ان کے حصہ میں کسی قسم کی کٹوتی کی گنجائش نہیں ہے۔ وفاق کی جانب سی98بلین روپے ابھی تک سندھ حکومت کو نہیں ملے ۔ انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ کالج کو یونیورسٹی بنانے کا ہم نے ہی فیصلہ کیا ہے۔ ضرورت کے مطابق مزید یونیورسٹیاں بھی بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی مقبول جماعت ہے۔

کالج میں ہونے والے مقابلہ میں انگریزی مباحثہ میں گورنمنٹ کالج کے حنیف اوٹھو،سپریئر سائنس کالج کی انزیلہ اور سپریئر سائنس کالج ہی کے حاشر نے باترتیب پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کاؤنٹی کالج کی اریبہ اور گورنمنٹ کالج مد د اللہ کو خصوصی انعام دیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کامیاب طلبہ و طالبات کو اپنی جانب سے بھی نقد انعامات دیئے۔

مباحثہ میں منصفین کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر محمد سانگی اورپروفیسر ڈاکٹر فریدہ پنہورنے انجام دیئے۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین شیخ نے خطاب کرتے ہو ئے کہاکہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید عبداللہ شا ہ اور کئی وفاقی و صوبائی وزارتوں کے منصب پر رہنے والوں کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت حسین اور دیگر بیروکریٹس و تعلیمی و طبی ،صحافتی اور دیگر میدانوں میں نام کمانے والے بھی اسی کالج سے پڑھے ہوئے ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں