حیدرآباد ، مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم ، 3افراد جاں بحق ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے

جمعرات 20 جون 2019 21:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) حیدرآباد میں مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم ، 3افراد جاں بحق ایک درجن سے زائد زخمی ہو گئے، کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر ٹرین جناح ایکسپریس نے پنجاب جانے والی مال گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی حیدرآباد مکی شاہ روڈ اور پٹھان گوٹھ کے علاقہ میں ہونے والے اس حادثے کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی جن میں انجن ڈرائیور محمد اسلم اور فائر مین بھی شامل ہے جبکہ درجنوں مسافر زخمی ہیں اور ٹرین کی بوگی میں پھنسے ہو ئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں عینی شاہدین کے مطابق جس ٹریک پر مال گاڑی پہلے سے موجودتھی اسی پر کراچی سے مسافر ٹرین آگئی جس نے مال گاڑی کے پیچھے سے ٹکر مار دی جس سے زور دار دھماکہ ہوا مسافر ٹرین کا انجن تباہ ہو گیا ہے جبکہ مال گاڑی کے پیچھے کا کیبن اور ایک ڈبہ تباہ ہوگیا مال گاڑی میں کوئلہ لے جایا جارہا تھا حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس سے مین لائنوں پر ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہو گئی بوگیوں کے الٹنے سے قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے حادثہ کی اطلاع ملتے ہیں ریلوے حکام ، پولیس و رینجرز ، فائربریگیڈ اور ایدھی ایمبولینس جائے وقوع پر پہنچ گئیں جبکہ قرب و جوار کے باشندوں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا امدادی کام جاری تھا-

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں