حیدرآباد،گنجان آباد نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع رہنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا

منگل 23 جولائی 2019 23:01

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2019ء) حیدرآباد میں بارش کے بعد امریکن کوارٹر، حالی روڈ، پھلیلی پریٹ آباد، کالونی کالونی، فردو کالونی، گئوشالہ، سبزی منڈی سمیت بیشتر گنجان آباد نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع رہنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں میں کاروبار زندگی بند ہے ، بچے اسکول نہیں جاسکے اور خواتین بھی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی ہیں، گزشتہ رات ہونیو الی بارش کے بعد سے اب تک بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے ، حیدرآباد ، لطیف آباد اور قاسم آباد کے وسیع علاقوں میں گزشتہ رات بند کی جانے والی بجلی تاحال بحال نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے پانی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے ، پانی نہ ہونے سے روزمرہ کے کاموں کے سلسلے میں شہریوں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

کئی مقامات پر بجلی اور پانی کی عدم فراہمی اور بارش کے پانی کی نکاسی نہ کئے جانے پر شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔حیدرآباد اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات ہونے والی بارش نے بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور ادارہ ترقیات حیدرآبادکی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے جہاں سے پانی کی نکاسی اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ گنجان آباد علاقے ، بازاروں میں پانی جمع رہنے کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں