پیپلزپارٹی کی قیادت کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان

آصف علی زرداری سے لے کر خورشید شاہ تک کو بے بنیاد مقدمات میں گرفتار کرنے کا مقصد پیپلزپارٹی کا میڈیا ٹرائل کرنا اور پارٹی قیادت کو اصولی موقف سے ہٹانا ہے

اتوار 22 ستمبر 2019 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، آصف علی زرداری سے لے کر خورشید شاہ تک کو بے بنیاد مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے جن کا مقصد پیپلزپارٹی کا میڈیا ٹرائل کرنا اور پارٹی قیادت کو اصولی موقف سے ہٹانا ہے۔

وہ سائٹ ایریا حیدرآباد میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے، ایم پی اے عبدالجبار خان نے کہاکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت صوبائی حکومت کی کردار کشی کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کے وہ منصوبے جن سے براہ راست عوام فائدہ اٹھارہے ہیں انہیں منظر عام پر نہیں لایا جاتابلکہ بلدیاتی اداروں کی نااہلی کا ذمہ دار بھی صوبائی حکومت کو قرار دیا جاتا ہے، انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اور اسے کسی طورپر عوام سے دور نہیں رکھا جاسکتا، انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ، آنے والے بلدیاتی ، صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات میں پیپلزپارٹی ملک میں کامیابی حاصل کرے گی، انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت صوبوں کے مالی وسائل پر قابض ہے ، سندھ کے حصے کا بجٹ بھی جاری نہیں کیا گیا جس سے بیشتر ترقیاتی منصوبے التواء کا شکار ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں