اگر اسی طرح سے ملک کو چالایا گیا تو اس کے سنگین نقصانات مرتب ہوں گے،عبدالجبار خان

بدھ 13 نومبر 2019 23:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے سربراہ وسابقہ صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جو کافی عرصے سے علیل ہیں لیکن حکومت انہیں نہ تو علاج کی مناسب سہولیات فراہم کررہی ہے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا کوئی ریلیف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وزیراعظم جو صرف انتقامی سیاست کی طرف گامزن ہیں وہ جانبدارانہ فیصلے کررہے ہیں جنہیں ملک کی عوام قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

اگر اسی طرح سے ملک کو چالایا گیا تو اس کے سنگین نقصانات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کیخلاف کبھی انتقامی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی دھونس و دھاندلیوں کی سیاست کی لیکن اب جس طرح کا سیاسی عمل ملک میں جاری ہے اس سے عوام میں اشتعال پایا جاتا ہے اور غیر جمہوری قوتیں مضبوط ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام اس جعلی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت کیخلاف میدان میں نکلیں اور انہیں چلتا کریں کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا ۔ آج حالت یہ ہے کہ ٹماٹر تین سو روپے کلو اور دیگر سبزیاں دو سے ڈھائی سو روپے کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہیں جس سے غریب عوام مزید غریب تر ہوتے جارہے ہیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں