آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور جنرل سیکریٹری کی ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو سے ملاقات

سرکاری قیمتوں پر عوام کو آٹا فراہم کرانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاہم آٹا چکیوں کے موجودہ گندم کوٹہ میں اضافہ کے لئیے اعلی حکام سے بات کریں گے، ڈپٹی کمشنر

پیر 26 اکتوبر 2020 23:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سینئیر نائب صدر حاجی محمد میمن اور جنرل سیکریٹری محمد ہارون آرائیں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو سے ملاقات کی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 2 قائم اکبر اور ڈی ایف سی نیاز احمد آریجو بھی موجود تھے، ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے محکمہ خوراک سندھ کی طرف سے آٹا چکیوں کو فی پتھر روزانہ 126 کلو سرکاری گندم کوٹا فراہم کرنے، فی کلو آٹا کے نرخ کے حوالے سے جاری نوٹیفکیشن، اوپن مارکیٹ میں گندم کے نرخوں، آٹا چکیوں پر چھاپے اور جرمانے عائد کرنے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کو تفصیلی آگاہ کیا، وفد نے کہا کہ آٹا چکی کا پتھر روزانہ 3000 کلو گندم کی پسائی کرتا ہے جبکہ محکمہ خوراک سندھ کی طرف سے کرائے گئے سروے کے مطابق ایک پتھر روزانہ 2400 کلو گندم سے آٹا بناتا ہے، انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک سندھ زمینی حقائق کے خلاف ایک پتھر کو روزانہ محض 126 کلو سرکاری گندم کوٹہ فراہم کر رہا ہے جو اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے، محکمہ خوراک سندھ صرف 5 فیصد سرکاری گندم کوٹہ فراہم کر رہا ہے آٹا چکیاں بقایا 95 فیصد اوپن مارکیٹ سے مہنگی گندم خرید کر حیدرآباد کے عوام کی آٹا کی ضرورت کو پورا کرتی ہیں، ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ آٹا چکی مالکان محکمہ خوراک سندھ سے حاصل کردہ 126 کلو سرکاری گندم کا آٹا بنا کر سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کے پابند ہیں تاہم اوپن مارکیٹ سے خریدی گئی مہنگی گندم کا آٹا کس ریٹ میں فروخت کیا جائے اس سے ایسوسی ایشن کو آگاہ کیا جائے، عہدیداروں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت عوام کو فی کلو آٹا 42 روپے فروخت کرنے میں واقعی سنجیدہ ہے تو ساڑھے 14 روپے پسائی اور دیگر اخراجات نکال کر سرکاری گندم ساڑھے 27 روپے فی کلو کے حساب سے آٹا چکیوں کو فروخت کرے، وفد نے آٹا چکیوں پر چھاپوں اور جرمانوں کے سلسلے کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو نے سیکریٹری فوڈ سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے انہیں حیدرآباد کی صورتحال اور آٹا چکیوں کو فی پتھر یومیہ 126 کلو سرکاری گندم کوٹہ فراہم کرنے سے متعلق آگاہ کیا، ڈی سی نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری قیمتوں پر عوام کو آٹا فراہم کرانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاہم آٹا چکیوں کے موجودہ گندم کوٹہ میں اضافہ کے لئیے اعلی حکام سے بات کریں گے تاکہ عوام کو آٹا کے حصول میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے عہدیداروں پرزور دیا کہ سرکاری گندم کوٹہ کا آٹا سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں