اسلام آباد چیمبر کے وفد کا ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ ، عامر علی احمد کو محکمہ کا ڈائریکٹر جنرل تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی

تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی اور برآمدات کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،عامر علی احمد

ہفتہ 21 جولائی 2018 07:10

اسلام آباد چیمبر کے وفد  کا ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ ، عامر علی احمد کو محکمہ کا ڈائریکٹر جنرل تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی
اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا اور عامر علی احمد کو محکمہ کا ڈائریکٹر جنرل تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد میں چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا، خالد چوہدری، شیراز احمد صدیقی اور سیف الرحمٰن شامل تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد نے کہا کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی اور برآمدات کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجروںوصنعتکاروں کے پاسپورٹ سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان کیلئے پاسپورٹ کے اجراء کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کوشش کریں گے تاکہ کاروباری برادری بیرونی ممالک کا دورہ کر کے پاکستان کی تجارت و برآمدات کو مزیدبہتر کرنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کے ساتھ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے بارے میں اپنے منصوبے شیئر کئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد اور ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں جس وجہ سے وہ تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے محکمہ سے متعلقہ اہم ایشوز کو حل کرنے میںاپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مبارک باد دینے پر چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے عامر علی احمد کو ڈی جی پاسپورٹس تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ بزنس مین کاروباری مواقعوں کی تلاش میں اکثر بیرونی دوروں پر جاتے رہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کا بروقت اجراء تاجر برادری کو بیرونی دنیا کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر علی احمد کی قیادت میں محکمہ تاجر برادری کو پاسپورٹ کا بروقت اجراء یقینی بنائے گا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کو مزید بہتر فروغ دینے کیلئے مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں