روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 10 کروڑ ڈالر جمع ہو چکے ہیں،سٹیٹ بینک آف پاکستان

ہفتہ 28 نومبر 2020 12:37

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 10 کروڑ ڈالر جمع ہو چکے ہیں،سٹیٹ بینک آف پاکستان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2020ء) روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں 10 کروڑ ڈالر جمع ہو چکے ہیں، سعودی عرب سب سے زیادہ رقوم جمع کرائی گئیں، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک سے ہی پاکستانی بینکوں میں ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھلوانے کی سہولت کے آغاز کے بعد دو ماہ میں 45 ہزار نئے اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، ان اکاؤنٹس میں 10 کروڑ ڈالر جمع کرائے گئے  ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس شعبہ کے سربراہ علی رضا نے کہا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق اس سہولت سے سب سے زیادہ  استفادہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے کیا ہے تاہم اکاؤنٹس کھلوانے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحت بیرون ملک سے روزانہ 20 لاکھ ڈالر پاکستانی بینکوں میں جمع کروائے جا ر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

علی رضا نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس 48 گھنٹوں میں قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ کی بنیاد پر آن لائن طریقہ سے کھولا جا سکتا ہے۔ اس سے صارف کے پاس پاکستانی کرنسی یا فارن کرنسی میں اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت موجود ہے۔ یہ اکاؤنٹ ڈالر اور ریال سمیت 10 کے قریب غیر ملکی کرنسیوں میں کھولا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت تقریبا 90 لاکھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں اور اپنے خاندانوں کی کفالت کیلئے سالانہ 23 ارب ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ  روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے ترسیلات میں اضافہ ہو گا۔ دوسری طرف وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 26.5 فیصد، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 9.1 فیصد اورٹیکس محصولات میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں