پرائیویٹ سیکٹر ملک کی معاشی بحالی کیلئے نئی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، تاجر رہنما مہر کاشف یونس

اتوار 22 مئی 2022 10:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) کورونا وائرس کی وبا، روس یوکرین جنگ اور سیاسی صورتحال کی وجہ سے پاکستان مشکلات کا شکار ہے ، تاجر برادری ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت میں ایک واضح وژن کے ساتھ آگے آئی ہے۔ یہ بات سابق سینئر نائب صدر لاہور چیمبر مہر کاشف یونس نے اتوار کو یہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر اور سیکرٹری جنرل یو نائٹڈبزنس گروپ ظفر بختاوری سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر ملک کی معاشی بحالی کیلئے نئی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے، کاروباری برادری کی مشترکہ تجاویز سے بجٹ کو کاروبار دوست بنانے میں مدد ملے گی اور برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت کی نمو ہوگی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے، درآمدات کو کم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے کے لیے مراعاتی پیکج دینے کی ضرورت ہے۔

مہر کاشف یونس نے تجویز پیش کی کہ حکومت کو لائیو سٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ، کان کنی، قدرتی وسائل، معدنیات، سیاحت، زراعت، چائے کی کاشت اور گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ ڈویژن کی طرف سے تیار کردہ ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کے استعمال، پھلوں اور سبزیوں کی برآمد اور انہیں گھریلو استعمال کے لیے محفوظ کرنے کے لیے کولڈ سٹوریجز کے قیام پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے،اس کے علاوہ انجینئرنگ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کے پلانٹس کو جدید بنانے کے لیے بھی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کو صارف مارکیٹ نہیں بلکہ پیداواری ملک بنانا چاہتی ہے،وقت آگیا ہے کہ پوری قوم ملکی بقاءکے لیے اپنی سوچ کو تبدیل کرے، پاکستانی مصنوعات خریدے اور لگژری طرز زندگی کو چھوڑ کر سادگی اختیار کرے، پاکستان کے قیام کیلئے ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دی تھیں اور اب پھر ملکی بقا کے لیے اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہر چیز سے نوازا ہے اور ہمیں ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم خلوص اور لگن کے ساتھ کام کریں اور اپنے مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر پاکستان کو دنیا کا بہترین ملک بنا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں