اسلام آباد چیمبر اور چکوال چیمبر نیلا دلہہ کا انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق،خطے میں صنعتی زون کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کیلئے چکوال چیمبر کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں،احسن بختاوری

اتوار 28 اپریل 2024 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، چکوال چیمبر کی خطے میں صنعتی زون کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گا۔چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ چکوال نیلا دلہہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے موزوں ترین مقام ہے کیونکہ یہ موٹر وے پر واقع ہے اور راولپنڈی اور اسلام آباد تک آسان رسائی بھی رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے ملک میں کاروباری اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور علاقہ اور ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔یہ بات انہوں نے چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک نمائندہ وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس نے صدر وقار ظفر بختاوری کی سربراہی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ مجوزہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی دستیابی سے علاقے کے معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار ظفر بختاوری نے چکوال کی تاجر برادری کو اس علاقے کو عالمی سپلائی چین سے جوڑ کر قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک بڑا کھلاڑی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ چکوال میں سیاحت کے بے پناہ امکانات ہیں کیونکہ یہاں کٹاس راج، مندر، کلر کہار جھیل اور بہت سے دوسرے خوبصورت مقامات موجود ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹریل زون کے ساتھ ساتھ کلر کہار میں قومی سطح کا پارک، تلہ گنگ میں جھیل ڈیم اور چکوال میں ایک ایگریکلچر ریسرچ سنٹر بھی بنایا جائے تاکہ علاقے میں بین الاقوامی سیاحت کے فروغ اور زراعت کو فروغ دیا جا سکے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے تاجروں کے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اتحاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کی تجویز پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے 4 اور چکوال چیمبر سے بھی 4 ممبران پر مشتمل 8رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے منصوبے کو آگے بڑھائے گی۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر قاضی ایم اکبر نے چکوال چیمبر کے موجودہ صدر وقار ظفر بختاوری کی قیادت میں مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں