انٹر یونیورسٹی کنسورشیم، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور اکادمی ادبیات کے اشتراک سے قومی آن لائن نسل نوع مشاعرے کا انعقاد، 30 جامعات کے طلباء و طالبات کی شرکت

جمعرات 2 جولائی 2020 20:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار دی پرموشن آف سوشل سائنسز، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور اکادمی ادبیات کے اشتراک سے منعقد ہونے والے قومی آن لائن نسل نوع مشاعرے میں ملک بھر کی 30 جامعات کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ علم و ادب سے لگاؤ بھی نوجوانوں کی ذہنی و فکری آبیاری کیلئے ضروری ہے۔ ادب کا ذوق رکھنے والے افراد بلا شبہ معاشرے میں مثبت رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا کہ ان کے اِدارے نے کووڈ 19 وبائی بحران کے دوران ادبی سرگرمیاں آن لائن ذرائع سے جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

اس مشاعرے سے نوجوان شاعروں کو ملکی سطح پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا۔ جامعہ اسلامیہ کے سینڈیکیٹ رکن پروفیسر حمید رضا صدیقی نے آن لائن مشاعرے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کی تربیت کیلئے بہترین موقع قرار دیا اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ انٹر یونیورسٹیز کنسورشیم کے قومی رابطہ کار مرتضیٰ نور نے کہا کہ نوجوان شاعروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے مشاعرے میں شرکت کرکے ایک نیا رحجان پیش کیا ہے جس سے ادبی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں