پیپلزپارٹی جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کیلئے ہمیشہ پرعزم رہے گی، آصف علی زرداری

طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہئے ،18ویں ترمیم پر تمام صوبوں کا اتفاق موجود ہے، سابق صدر کا ذوالفقار علی بھٹو کے 39 ویں یوم شہادت پر پیغام

منگل 3 اپریل 2018 21:40

پیپلزپارٹی جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کیلئے ہمیشہ پرعزم رہے گی، آصف علی زرداری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کے لئے پرعزم رہے گی،طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ،تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہئے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 39ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے۔

آئین میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے 18ویں ترمیم بھی متفقہ طور پر کی جس کی مدد سے آمروں کی جانب سے 1973ء کے آئین میں جو تبدیلیاں کی گئی تھیں انہیں ختم کرکے شہریوں کے حقوق اور صوبائی حقوق بحال کر دیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم پر تمام صوبوں کا اتفاق موجود ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی آئیڈ یاز پر چلنے کا عزم کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت، فرد کی آزادی اور صوبائی خودمختاری کی ہر صورت حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہئے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک غیرمعمولی شخصیت تھے اور بہت سے لوگ جو ان کے رابطے میں آئے وہ بھی غیرمعمولی بن گئے۔ شہید بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ عوام کو مایوسی کے عالم میں امید دلانا تھا اور جب ہر طرف اندھیروں کا راج تھا اس وقت انہوںنے اپنے خون سے راستوں کو منور کیا۔ شہید بھٹو امید کا منارہ نور تھے اور آنے والے وقتوں میں بھی وہ امید کا منارہ نور رہیں گے۔ آصف علی زرداری نے اس موقع پر ان تمام لوگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جمہوریت اور ملک کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور مصائب کا سامنا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں