عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 25 جولائی کو صرف اعلان ہونا باقی ہے

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

جمعہ 20 جولائی 2018 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) انہیں شکست نہیں دے سکتی، عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 25 جولائی کو صرف اعلان ہونا باقی ہے۔ جمعرات کو پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا حلقہ این اے 72 بارڈر کے قریب اور پسماندہ علاقہ ہے جہاں میں نے تعمیرو ترقی کے کام شروع کیے لیکن گزشتہ حکومت نے میرے شروع کیے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو وہیں روک دیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنا بدلہ ضرور لیں گے اور 25 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) والے نوٹوں کی سیاست کرتے ہیں جسے یہاں کی غیور عوام مسترد کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 72 کی امیدوار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اس حلقے سے شکست ہو چکی ہے 25 جولائی کو صرف اعلان ہونا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارڈر پر بھارتی گولا باری سے عوام مرتے رہے لیکن اس کے باوجود سابق منتخب نمائندے نے کہیں کوئی آواز نہیں اٹھائی اور نہ ہی ان متاثرین کی کوئی خبر لی۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہیں جو انہیں ملنی چاہیئں، یہاں کی ضرورت تھانے اور کچہری نہیں بلکہ عوام کے مسائل کا حل ہے جس کے لیے عمران خان نے میرا انتخاب کیا ہے اور میں یقین دلاتی ہوں کہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد ان شا اللہ اپنے حلقے کے مسائل کوحل کرائوں گی اور عوام کی محرومیاں دور کروں گی۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے عمران خان کا ساتھ دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں