قومی اسمبلی اجلاس، عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی چھان بین کے لئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر حکومت اوراپوزیشن کے درمیان طویل بحث مباحثہ، وزیراعظم مشاورت کے دوران حکومتی اراکین کو ہدایات دیتے رہے

منگل 18 ستمبر 2018 14:06

قومی اسمبلی اجلاس، عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی چھان بین کے لئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر حکومت اوراپوزیشن کے درمیان طویل بحث مباحثہ، وزیراعظم مشاورت کے دوران حکومتی اراکین کو ہدایات دیتے رہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) قومی اسمبلی میں دھاندلی کے الزامات کی چھان بین کے لئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کو حکومتی اراکین اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہونے والی مشاورتی عمل کے پل پل سے آگاہ کرتے رہے جبکہ وزیراعظم اس حوالے سے حکومتی اراکین کو ہدایات بھی دیتے رہے۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران جب شاہ محمود قریشی نے ایوان میں تحریک پیش کی تو اپوزیشن کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آیا کہ اس میں حکومت اور اپوزیشن کو مساوی نمائندگی دی جائے جبکہ اس کی سربراہی بھی اپوزیشن کو دی جائے۔ اس پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کافی بحث مباحثہ ایوان میں چلتا رہا جس کے بعد حکومتی ٹیم جس میں شفقت محمود‘ عامر ڈوگر‘ علی محمد خان‘ عمر ایوب شامل تھے‘ نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کی جبکہ شاہ محمود قریشی نے ان اراکین کے ہمراہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی دیگر اعلیٰ قیادت سے بھی مشاورت کی۔

(جاری ہے)

طویل مشاورت کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے اتفاق رائے ہوا جبکہ اس دوران عمران خان ایوان میں موجود رہے اور حکومتی اراکین اپوزیشن سے ہونے والی مشاورت سے انہیں آگاہ کرتے رہے جبکہ وہ انہیں ہدایات بھی دیتے رہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں