ہو سکتا ہے آئی ایم ایف سے قرضہ نہ لینا پڑے

کوشش کر رہے ہیں کہ دوست ممالک سے بات چیت کرکے معاملات کو حل کر لیں: وزیر اعظم عمران خان

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اکتوبر 2018 19:50

ہو سکتا ہے آئی ایم ایف سے قرضہ نہ لینا پڑے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 اکتوبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے آئی ایم ایف سے قرضہ نہ لینا پڑے، کوشش کر رہے ہیں کہ دوست ممالک سے بات چیت کرکے معاملات کو حل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول کا معاملہ پھر سے کھٹائی میں پڑنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے زرمبادلہ ذخائر کی کمی کو دور کرنے کیلئے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔

حکومت نے آئی ایم ایف سے درخواست کی ہے کہ پاکستان کو 12 ارب ڈالرز کا قرضہ دیا جائے۔ تاہم اس حوالے سے اب وزیراعظم عمران خان کے تازہ ترین بیان نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان سے پی بی اے اور سی پی این اے کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وفد کو میڈیا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

جبکہ اس دوران ملکی معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے آئی ایم ایف سے قرضہ نہ لینا پڑے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ دوست ممالک سے بات چیت کرکے معاملات کو حل کر لیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ دوست ممالک سے بات چیت کرکے مسائل حل کر لیے جائیں گے۔ ایسا ہونے کی صورت میں حکومت کو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے وعدے کے برخلاف آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ عمران خان پہلے کہتے تھے کہ وہ کبھی آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں مانگے گیں، پھر اب وہ کیوں قرضہ لینے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومت کا موقف ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے لیے گئے ہوشربا قرضوں کے باعث پاکستان کا خزانہ خالی ہو چکا ہے، اس لیے حکومت کو رواں مالی سال کیلئے ہر صورت قرضہ لینا ہوگا۔ تاہم موجودہ حکومت اس کے بعد آئی ایم ایف سے دوبارہ رجوع نہیں کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں