تمام ٹرینیں توقع سے زیادہ اچھی چل رہی ہیں، ایک سال میں 15 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف ہے،

دسمبر میں مزید 2 مال گاڑیاں چلائیں گے، 11 ہزار ملازمتوں کا وعدہ پورا کرنے جا رہے ہیں، تمام ٹرینوں میں وائی فائی لگانے کا بھی منصوبہ ہے، گوادر میں ریلوے ڈویژن بنا دیا گیا ہے، سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے اہم ہے، وزیراعظم پیکیج پر کام کرنے والے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کیلئے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 12 نومبر 2018 21:13

تمام ٹرینیں توقع سے زیادہ اچھی چل رہی ہیں، ایک سال میں 15 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تمام ٹرینیں توقع سے زیادہ اچھی چل رہی ہیں، پرانی کوچز کو ٹھیک کر کے چلا رہے ہیں، ایک سال میں 15 مال گاڑیاں چلانے کا ہدف ہے، دسمبر میں 2 مزید مال گاڑیاں چلائیں گے، 11 ہزار ملازمتوں کا وعدہ پورا کرنے جا رہے ہیں، ریلوے میں 2 ہزار نوکریوں کا اشتہار دیا تھا، تمام ٹرینوں میں وائی فائی لگانے کا بھی منصوبہ ہے، گوادر میں ریلوے ڈویژن بنا دیا گیا ہے، سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے اہم ہے، وزیراعظم پیکیج پر کام کرنے والے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے وزیراعظم کو سمری ارسال کر دی گئی ہے۔

پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 100 روزہ کارکردگی سب کے سامنے رکھ رہے ہیں، ریلوے میں 2031 بھرتیوں کا عمل پہلے سے جاری ہے، 155 سب انجینیرز کو بھرتی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10 مسافر ٹرینوں کا وعدہ تھا جن میں سے 6 ٹرینیں چلا دی ہے جبکہ 4 مزید ٹرینیں جلد چلائی جائیں گی۔

فیصل آباد، ملتان، میرپورخاص سکھر ٹرینیں چلائیں گے، رحمان بابا ایکسپریس چلنے میں کچھ دیر ہے، دسمبر میں مزید 2 مال گاڑیاں بھی چلائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ویجیلینس ڈیپارٹمنٹ ختم کرنے جا رہے ہیں، ریلوے کالونیوں میں بجلی کے میٹر لگائے جائیں گے،15 ہزار بجلی کے میٹر لگائے جائیں گے، پنشن اور ریلوے کی زمینوں کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے سکول و کالجز پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں دینے کیلئے ٹینڈر کر رہے ہیں، مغلپورہ کی فیکٹریوں میں بائیو میٹرک لگا رہے ہیں، رسالپور میں بھی جلد بائیو میٹرک لگائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے سے ریٹائر ہو کر دوبارہ کنٹریکٹ پر ملازمت کرنے والے ملازمین کو ایک سال کے اندر فارغ کرکے نوجوانوں کو ان کی جگہ موقع دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں