ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں ،ْ صدر مملکت

منگل 20 نومبر 2018 13:58

ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں ،ْ صدر مملکت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، اپنی سوچ اور روّیوں میں مثبت تبدیلی لائیں اور تعلیمات نبوی ﷺ پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوں تاکہ وطن عزیز میں ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے کیونکہ آج بھی ِانسانیت کی فلاح کا دارومدارسرکاردوعالم ﷺ کی تعلیمات و اُسوہٴ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے۔

عید میلادالنبیﷺ کے پرمسرت موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں صدرمملکت نے سرور کائنات ، ہادی برحق حضرت محمد ﷺ کی آمدکے اس سعید دن پر ملتِ اسلامیہ کو بالعموم اور اہل وطن کو بالخصوص مبارک باد دیتے ہوئے نبی پاک ﷺ کی ولادت کے اس ماہِ بابرکت کے سب کے لیے باعثِ رحمت و بخشش ثابت ہو نے کی دعا کی اورکہاکہ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت محمد ﷺ کو پوری انسانیت کے لیے آخری کامل رہنما او رمعلم بناکر بھیجا۔

(جاری ہے)

سرکار دوعالم کی آمد اور ان کی تعلیمات سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں ایک عظیم انقلاب برپا ہوگیا ۔ جناب رحمت اللعالمینﷺ کی آمد کی بدولت الٰہیات و عقائد، عبادات و معاملات ، انفرادی، گھریلو اور اجتماعی زندگی، اخلاقیات ، معاشیات اور سیاسیات سمیت زندگی کے ہرشعبے میں کامیاب اور خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی۔صدرنے کہاکہ سرکارِ دوعالم حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے، جو امانت و دیانت، سادگی، منصف مزاجی، رحمت و عفو و درگزر، تحمل و بٴْردباری، ایثار و قربانی، سچائی، لوگوں سے عمدہ سلوک، سخاوت، شجاعت، انکسار و تواضع، عہد کی پابندی، باہمی معاملات میں عمدگی ،یتامیٰ ، بیوگان، ناداروں اورمحتاجوں کی امداد اوران سے ہمدردی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے اور روزمرہ کے معاملات میں ہماری مکمل رہنمائی کرتی ہے۔

صدر نے کہاکہ ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، اپنی سوچ اور روّیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم تعلیمات نبوی ﷺ پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوں تاکہ وطن عزیز میں ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے کیونکہ آج بھی فلاحِ انسانیت کا دارومدارسرکاردوعالم ﷺ کی تعلیمات و اُسوہٴ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے۔صدر نے اللہ تعالیٰ سے ہمیں محسن انسانیت نبی اکرم ﷺ کے اُسوہٴ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرنے اور وطن عزیز پاکستان کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمانے کی دعا کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں