چیف جسٹس ثاقب نثار کے اعزاز میں فُل کورٹ ریفرنس

سوموٹو کا اختیار بہت کم استعمال کیا جائے گا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی طرح میں بھی ڈیم کی تعمیر کرنا چاہتا ہوں۔ میں بھی ان کی طرح ملک کا قرض اُتارنا چاہتا ہوں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کا تقریب سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 17 جنوری 2019 13:06

چیف جسٹس ثاقب نثار کے اعزاز میں فُل کورٹ ریفرنس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2019ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار آج اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالیں گے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کے اعزاز میں فُل کورٹ ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ فُل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کے ساتھ گذشتہ بیس سال سے ہوں۔

ہم ایک ساتھ ہی لاہور ہائیکورٹ کے جج بنے۔ ہم دونوں ایک ساتھ بڑے ہوئے بچوں کی طرح ہیں جو آج الگ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے بہت مشکل حالات میں عدالت چلائی۔ چیف جسٹس نے سیاسی ، سماجی ، معاشرتی اور آئینی سمیت کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے انسانی حقوق کے حوالے سے خدمات یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں بطور چیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تعطل دور کرنے کی کوشش کروں گا۔

ماتحت عدالتوں میں برسوں سے زیر التوا مقدمات کے جلد تصفیہ کی کوشش کی جائے گی۔ غیر ضروری التوا کو روکنے کے لیے جدید آلات کا استعمال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی طرح میں بھی ڈیم کی تعمیر کرنا چاہتا ہوں۔ میں بھی ان کی طرح ملک کا قرض اُتارنا چاہتا ہوں۔ میں ڈیم جعلی مقدمات کے خلاف بناؤں گا۔ مقدمات کی تاخیر کے خلاف ڈیم بناؤں گا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ میں عرصہ دراز سے زیر التوا مقدمات کا قترض اُتاروں گا۔ اس وقت عدالتوں میں 19 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔ 3 ہزار ججز 19 لاکھ مقدمات نہیں نمٹا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوموٹو کا اختیار بہت کم استعمال کیا جائے گا۔ میری رگوں مکیں بلوچ خون دوڑ رہا ہے اور میں آخری دم تک لڑوں گا۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار آج اپنے عہدے سے ریٹائرہو رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اپنے دور میں کئی اہم کیسز کے فیصلے کیے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی کام کیا۔جسٹس ثاقب نثار کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالیں گے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کل پاکستان کے نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُٹھائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں