وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیشرفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت،بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے سرمایہ کاری بورڈ میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ

جمعہ 18 جنوری 2019 18:14

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیشرفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے سرمایہ کاری بورڈ میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت جمعہ کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزارء میاں محمود الرشید، علیم خان، چیئرمین ہاؤسنگ ٹاسک فورس ضیغم نقوی، سیکرٹری ہاؤسنگ ڈاکٹر عمران زیب خان و دیگر افسران شریک ہوئے۔ وزیرِاعظم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے قانونی اور انتظامی اقدامات کے حوالہ سے اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے قیام کا کام تقریباً مکمل کیا جا چکا ہے، رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا بل ٹاسک فورس اور وزارتِ قانون کی منظوری سے حتمی شکل اختیار کر چکا ہے، گھروں کی خرید کیلئے فنانسنگ کا ماڈل اور اس ضمن میں ٹیکس رعایات کا کام تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

وزیرِاعظم کو ’’فورکلوژر لاز‘‘ کے حوالہ سے بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل کی معاونت سے ’’فورکلوژر لاز‘‘ کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ وفاقی سطح پر لاہور اور اسلام آباد میں 25 ہزار ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا کر دیا جائے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید کی جانب سے وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ رینالہ خورد، چشتیاں اور لودھراں میں بہت جلد ہاؤسنگ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والے سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے خصوصی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کی پیشرفت سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں