الیکشن کمیشن نے نور الحق قادری کیخلاف کیس میں درخواست گزار کی عدم پیشی کے باعث کیس خارج کر دیا

بدھ 20 مارچ 2019 14:52

الیکشن کمیشن نے نور الحق قادری کیخلاف کیس میں درخواست گزار کی عدم پیشی کے باعث کیس خارج کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے خلاف کیس میں درخواست گزار کی عدم پیشی کے باعث کیس خارج کر دیا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے خلاف حضرت حسین کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کی ۔نور الحق قادری کے وکیل قاضی جواد حسین الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تاہم درخواست گزار کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

وکیل نور الحق قادری نے کہاکہ وفاقی وزیر مذہبی امور کی 1992 میں ایک فیکٹری تھی جو بعد میں فروخت کر دی گئی۔وکیل نور الحق قادری نے کہاکہ 2018 میں ٹریبونل نے وفاقی وزیر مذہبی امور کے خلاف نادہندہ ہونے کا کیس خارج کر دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آپ یہی جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں۔الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کی عدم پیشی کے باعث کیس خارج کر دیا۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری این اے 43 ضلع خیبر سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں