چیف جسٹس نے اسد منیر کی خودکشی سے قبل مبینہ خط پر نوٹس لے لیا

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے رپورٹ طلب کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 مارچ 2019 14:32

چیف جسٹس نے اسد منیر کی خودکشی سے قبل مبینہ خط پر نوٹس لے لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے بریگیڈئیر (ر) اسد منیر نے خود کشی کے معاملے سے متعلق اہم خبر سامنے آئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے خود کشی کرنے والے اسد منیر کے خط پر نوٹس لے لیا ہے۔خودکشی سے قبل اسد منیر کا مبینہ خط بھی سپریم کورٹ کو موصول ہو گیا ہے،چیف جسٹس نے چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

واضح رہے بریگیڈئیر (ر) اسد منیر کی لاش ڈپلومیٹک انکلیو میں ان کے فلیٹ ہر پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ خود کُشی سے قبل بریگیڈئیر (ر) اسد منیر نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نام ایک خط بھی لکھا۔ انہوں نے اپنے اس خط میں کہا کہ میری چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ وہ نیب حکام کی کارروائیوں کا نوٹس لیں تاکہ کسی سرکاری افسر کو اُن جرائم کی سزا نہ ملے جس کا وہ مرتکب ہی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس خط میں بریگیڈئیر (ر) اسد منیر نے کہا کہ نیب نے میرے خلاف 2008ء میں پلاٹ بحال کرنے پر ایک ریفرنس دائر کر رکھا ہے جبکہ پلاٹ میں نے نہیں بلکہ چئیرمین نے بحال کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں 2010- 2006ء تک اسٹیٹ کا ممبر رہا لیکن اس عرصے میں میرے خلاف کوئی کیس درج نہیں کیا گیا۔ لیکن اپریل 2017ء کے بعد سے نیب نے میرا جینا حرام کر دیا۔ وزارت داخلہ نے میرا نام نومبر 2017ء میں ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر دیا۔

جس کے بعد میں نے سیکرٹری ایم او آئی کےنام ایک نظر ثانی کی اپیل دائر کی لیکن مجھے کوئی جواب نہیں ملا اور ایک سال سے زائد عرصے تک میرا نام ای سی ایل میں ہی رہا۔ نیب نے گذشتہ ایک سال کے دوران میرے خلاف تین تفتیش اور دو انکوائریوں کا آغاز کیا۔ تین تحقیقات بورڈ ممبر اور دو انکوائریاں ممبر آف اسٹیٹ رہنے کی وجہ سے شروع کی گئیں۔ میری آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ اس خط کے ساتھ ہر کیس سے متعلق لگائی گئی میری دستاویزات کو ضرور پڑھیں۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں کرپشن کیسز میں ملوث رہا ہوں تو کیس بند ہو جائے گا اور اگر اس سب میں نیب کی غلطی ثابت ہو گئی تو میری آپ سے درخواست ہے کہ میرا نام کلئیر کر دیا جائے۔ میں نے جون 2018ء میں اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات نیب میں جمع کروائی تھیں۔ میں بے عزتی، ہتھکڑیوں میں گرفتاری اور میڈیا کے سامنے پریڈ کروائے جانے سے بچنے کے لیے خودکشی کررہا ہوں۔
بریگیڈئیر (ر) اسد منیر نے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے نام لکھے اس خط میں اپنی خود کُشی کی وجہ بھی بتائی اور کہا کہ میں اپنی جان اس اُمید پر دے رہا ہوں کہ آپ ایک ایسے نظام میں مثبت تبدیلی لائیں گے جہاں نا اہل لوگ احتساب کے نام پر شہریوں کی زندگیوں اور آبرو سے کھیل رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں