وفاقی وزارت خزانہ کی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری

اقتصادی امور پر پانچ رکنی بورڈ بنایا جا رہا ہے، بورڈ میں شوکت ترین سمیت اہم معاشی ماہرین شامل ہیں، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اپریل 2019 19:48

وفاقی وزارت خزانہ کی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) وفاقی وزارت خزانہ نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری کرلی، اقتصادی امور پر پانچ رکنی بورڈ بنایا جا رہا ہے، بورڈ میں شوکت ترین سمیت اہم معاشی ماہرین شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کے استعفے کے بعد اقتصادی ماہرعبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ کا قلمدان سونپ دیا ہے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ عہدہ ملنے کے بعد دبئی سے پاکستان پہنچے اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقتصادی بورڈ بنانے کی تیاری کرلی ہے۔ جس کے تحت اقتصادی امور پر 5 ارکان پر مشتمل بورڈ بنایا جا رہا ہے۔ پانچ ارکان پر مشتمل اقتصادی بورڈ میں صادق سعید ، شیر اعظم، شوکت ترین، سلم رضا اورشبیر زیدی اقتصادی ماہرین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی اہم تبدیلیاں کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا کل شام4 بجے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں سینئر پارٹی رہنماء جہانگیرترین سمیت وزراء اعلیٰ، تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وزراء بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں پنجاب، خیبرپختوںخواہ اور سندھ کے گورنرزبھی شرکت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں