اپوزیشن عوام اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے لانگ مارچ اور دھرنوں کی شکل میں مختلف حربے استعمال کر رہی ہے،

عوام نے 2018 کے انتخابات میں حزب اختلاف کی جماعتوں کو مسترد کردیا تھا، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 15 اکتوبر 2019 12:53

اپوزیشن عوام اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے لانگ مارچ اور دھرنوں کی شکل میں مختلف حربے استعمال کر رہی ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ حزب اختلاف حکومت کی کامیابی کو برداشت نہیں کرسکتی، ان کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے کیونکہ اس سے قبل عوام نی2018 کے انتخابات میں حزب اختلاف کی جماعتوں کو مسترد کردیا تھا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں وزیر اعظم عمران کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے جو اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عام انتخابات 2018 کی انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کیے تھے انہیں مخلصانہ طور پر پورا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے لانگ مارچ اور دھرنوں کی شکل میں مختلف حربے استعمال کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ اب عوام باشعور ہوچکے ہیں اور وہ اپوزیشن کے ان ہتھکنڈوں میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سیاسی ہتھیاروں کا استعمال اور احتساب کے عمل کو روکنے کی کوششیں چھوڑ دیں اور قوم کے مفاد میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سب کے خلاف بلا تفریق احتساب کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں