وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور سیکرٹری پاور ڈویژن کا نیشنل انرجی ایفیشنسی کنزوریشن اتھارٹی کا دورہ

جمعرات 12 دسمبر 2019 22:51

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور سیکرٹری پاور ڈویژن کا نیشنل انرجی ایفیشنسی کنزوریشن اتھارٹی کا دورہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور سیکرٹری پاور ڈویژن نے جمعرات کو نیشنل انرجی ایفیشنسی کنزوریشن اتھارٹی (این ای ای سی ای) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو پاکستان کی انرجی ایفیشنسی حکمت عملی اور این ای ای سی اے کی ویب سائٹ کو لانچ کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے این ای ای سی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر سردار معظم کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

منیجنگ ڈائریکٹر این ای ای سی اے نے وفاقی وزیر کو ادارے کی جانب سے توانائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے تین تا پانچ سال کے دوران تین ایم ٹی او ای توانائی کی بچت ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک ایم ٹی او ای کی بچت کے لئے چار سے پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے، ادارے کے اقدامات سے توانائی کی بچت سے 36.8 ارب روپے کے اخراجات کو بچایا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ملک میں بجلی کی موٹروں کے حوالے سے توانائی کے خرچ کو کم کرنے کا عمل تیز کیا جائے اور اس کو بلوچستان میں ٹیوب ویل ایفشنسی پروگرام کے ساتھ جوڑا جائے جس پر نیسپاک کام کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ ان علاقوں میں ٹرانسفارمرز کی تنصیب سے بھی توانائی کی بچت اور سولر پی وی ماڈیولز سے استفادہ کے اقدامات کئے جائیں۔

نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں توانائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور بچت کے تناظر میں وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کے ساتھ اشتراک کار کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی گرین بینکنگ گائیڈ لائنز اور توانائی کے موثر استعمال پر سرچارج کے نفاذ کے علاوہ توانائی کی بچت اور زیادہ سے زیادہ استفادہ کے حوالے سے دیگر اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں