کورونا وائرس کی عالمی وباء، پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو 25 کھرب ڈالر کے سپورٹ پیکج کی ضرورت ہو گی،

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تجارت و ترقی کی رپورٹ

بدھ 1 اپریل 2020 14:04

کورونا وائرس کی عالمی وباء، پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کو 25 کھرب ڈالر کے سپورٹ پیکج کی ضرورت ہو گی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2020ء) پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو کورونا وائرس کی عالمی وباء سے شدید دھچکا لگا ہے، معاشی نقصانات سے نمٹنے کے لئے ترقی پذیر ممالک کو 25 کھرب ڈالر کے سپورٹ پیکج کی ضرورت ہو گی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، ارجنٹائن اور افریقی ممالک کو کورونا کی وباء کے باعث بڑھتے قرضوں، افراط زر میں اضافہ سمیت صحت کے شعبہ میں شدید مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ترقی پذیر ممالک کی معیشتیں غیر ملکی سرمایہ کاری کے ملک سے نکلنے سمیت عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی سے برآمدات میں کمی اور کرنسی کی قیمتوں مں کمی جیسے مسائل سے متاثر ہو سکتی ہیں جیسا کہ 2008ء کے بحران میں بھی ہوا تھا۔

(جاری ہے)

یو این سی ٹی اے ڈی کے ڈائریکٹر گلوبلائزیشن اینڈ ڈویلپمنٹ سٹریٹیجیز رچرڈ کوزل رائٹ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اداروں کو رپورٹ میں پیش کی گئی تجاویز پر باریک بینی سے غور کرنا ہو گا تاکہ ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو پہلے سے پہنچنے والے نقصانات اور مستقبل کے نقصانات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث ترقی پذیر ممالک کی معیشت کو 20 تا 30 کھرب ڈالر کے خسارے کا سامنا ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ممالک سے فروری اور مارچ کے دوران 59 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلاء ہوا ہے جبکہ 2008ء کے بحران سے سرمایہ کاری کا انخلاء 26.7 ارب ڈالر رہا تھا۔ عالمی ادارے نے مزید کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو رواں سال 25 کھرب ڈالر کے سپورٹ پیکج کی ضرورت ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال میں ان ممالک میں کیپیٹل مارکیٹ میں دس کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری، قرضوں کی واپسی کے حوالے سے دس کھرب ڈالر کے سپورٹ پیکج اور صحت کے شعبہ میں معاونت کے لئے 5 کھرب ڈالر کی معاونت کی ضرورت ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں 170 ممالک شامل ہیں جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ جی 20 ممالک کو عالمی معیشت کے سہارا اور ترقی پذیر ممالک کو معاشی بحران پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں