کابل میں گوردوارہ پر حملے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے سے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس شر انگیزہیں،

بھارت کی یہ چالیں عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتیں، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 7 اپریل 2020 16:55

کابل میں گوردوارہ پر حملے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے سے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس شر انگیزہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) پاکستان نے 25 مارچ 2020ء کو کابل میں گوردوارہ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے سے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمّت کی اور اسے شر انگیز قرار دیا ہے، بھارت کی یہ چالیں عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم کابل میں دہشت گرد حملے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے سے متعلق سرکاری بیان سے متاثرہ بھارتی میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں، بھارت کی یہ کوشش انتہائی شرانگیز اور قابل مذمت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے پہلے ہی گوردوارہ پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں متعدد جانیں ضائع ہوئیں، تمام عبادت گاہیں مقدس ہوتی ہیں اور ان کی حرمت کا ہر وقت خیال رکھا جانا چاہئے، اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

ایک ایسا ملک جس نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ بشمول سرحد پار سے ہونے والی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی میں سب سے زیادہ نقصان اٹھایا اور اس کے خلاف پوری جدوجہد کی ہے پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ دہشت گردی کی اس طرح کی مذموم کارروائیوں کا کوئی سیاسی، مذہبی یا اخلاقی جواز نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جہاں تک بھارتی میڈیا رپورٹس کا تعلق ہے تو یہ خالصتاً پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے تیار کی گئی ہیں، پاکستان کو بدنام کرنے کی غرض سے بھارتی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کابل میں دہشت گردانہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی کوششیں بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی ناقابل قبول کارروائیوں اور ریاستی دہشت گردی سے عالمی توجہ ہٹانے کی ناکام کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ بھارت کی اس طرح کی چالیں عالمی برادری کو گمراہ نہیں کر سکتیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں