حکومت نواز شریف کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب روکنے کے لیے متحرک ہو گئی

اگر نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے، شہباز گل

ہفتہ 19 ستمبر 2020 14:14

حکومت نواز شریف کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب روکنے کے لیے متحرک ہو گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) وفاقی حکومت سابق وزیراعظم نواز شریف کا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب روکنے کے لیے متحرک ہو گئی۔گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 20 تاریخ کو اسلام آباد میں ہونے والی اے پی سی میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے منظور کر لیا تھا۔اب اس معاملے پر وفاقی حکومت بھی میدان میں آ گئی ہے اور نواز شریف کے اے پی سی سے خطاب کو روکنے لیے قانونی طریقہ کار پر غور کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔شہباز گل نے کہاکہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹیز کرے اور بھاشن دی-انہوںنے کہاکہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر حکومت نے انہیں نومبر میں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی جہاں وہ اب تک موجود ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں