مسلم لیگ (ن) عوام کی توجہ اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمات سے ہٹانے کے لئے شورشرابہ کر رہی ہے، ڈاکٹر شہباز گل

بدھ 30 ستمبر 2020 13:57

مسلم لیگ (ن) عوام کی توجہ اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمات سے ہٹانے کے لئے شورشرابہ کر رہی ہے، ڈاکٹر شہباز گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی توجہ اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمات سے ہٹانے کے لئے شور شرابہ کر رہی ہے۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی بدعنوان قیادت عوام کو گمراہ کرنے اور جھوٹا پروپیگنڈا میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے انہیں اربوں کی بدعنوانی کے مرتکب ہونے پر سزا سنائی ہے۔ ڈاکٹر شہبازگلکا کہنا تھا کہ نواز شریف مجرم ہیں جو جھوٹ بول کر ملک سے فرار ہوگئے، وہ اپنی پارٹی کے ارکان کو ہدایات دینے کا کوئی حق نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شریف خاندان سمیت کسی بھی بدعنوان راہنما کو کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نواز شریف کو کوئی این آر او نہیں دیں گے اور سابق حکمرانوں کی لوٹی ہوئی قومی دولت ہر قیمت پران سے واپس لی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا عوام مافیاز سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور سابق صدر آصف علی زرداری کے خاندان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، یہاں تک کہ ان کے بچے بھی اس کا اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ وہ قومی اداروں پر اعتماد کریں اور اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے ملک واپس آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت عوامی خدمت میں مصروف ہے۔ عالمی برادری نے عوامی خدمات کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی کا اعتراف کیا ہے، شہباز گل نے کہا کسی کو بھی ریاست کے خلاف سازش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں