منیر اکرم کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،انسانی حقوق کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی

انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی واضح کامیابی، عالمی برادری کی جانب سے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں پر اعتماد کا اظہار ہے ، شاہ محمود قریشی کشمیر یوں پر مظالم کو ،انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت تمام موثر عالمی فورمز پر اٹھانا ہو گا ، وزیر خارجہ کی ملاقات میں بات چیت

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی نمایاں کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات کے دوران، بہترین کوآرڈینیشن پر، پاکستانی مشن کے کردار کی تعریف کی۔اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی واضح کامیابی، بین الاقوامی برادری کی جانب سے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت، بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ،انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت تمام موثر عالمی فورمز پر اٹھانا ہو گا ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھنے کے حوالے سے پر عزم ہے ۔اقوام متحدہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اقوام متحدہ میں اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں