بلوچستان کے عوام کے اعتماد کو بحال کرنے اور ان کی احساسِ محرومی دور کرنے کے لئے موجودہ وفاقی حکومت اقدامات کررہی ہے، شیخ رشید احمد

اس وقت سی پیک منصوبے کے حوالے سے بسیمہ اور خضدار روڈ بن رہی ہے جس کی جلد تعمیر کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں،وفاقی وزیر ریلوے

بدھ 2 دسمبر 2020 23:58

اسلام آباد/خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہاہے کہ ہمارا دل بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے ، بلوچستان ہے تو پاکستان ہے ، بلوچستان کے عوام کے اعتماد کو بحال کرنے اور ان کی احساسِ محرومی دور کرنے کے لئے موجودہ وفاقی حکومت اقدامات کررہی ہے ، اس وقت سی پیک منصوبے کے حوالے سے بسیمہ اور خضدار روڈ بن رہی ہے جس کی جلد تعمیر کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار جھالاوان عوامی پینل کے سینئر رہنماء سعداللہ گنگو اور سیاسی و سماجی رہنماء عبدالصمد کرد سے اپنی رہائشگاہ لال حویلی راولپنڈی میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل خضدار سے تعلق رکھنے سیاسی رہنمائوںمیر سعداللہ گنگو اور عبدالصمد کرد نے وفاقی وزیر شیخ رشید کو خضدار کے مسائل اور یہاں کے عوام کی ضرورتوں سے متعلق آگاہ کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ وفاقی کابینہ میں بلوچستان خاص کر خضدار کے عوام کے مسائل کے حوالے سے اہم نکات شامل کریں ، چونکہ خضدار میں عوام کے لئے روزگار کے ذرائع نہیں ، جب کہ خضدار میں قدرتی گیس بھی آج تک نہیں دی گئی ہے ، خضدارسے گزرنے والی شاہراہ این 25کوئٹہ چمن اور کراچی سے منسلک ہے یہ شاہراہ سنگل ہے اور اس پر حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے بے تحاشاحادثات رونماء ہوتے ہیں چاہیے تو یہ کہ اس شاہراہ کو بل وے بنایاجائے،ملاقات کے موقع پر شیخ رشید کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم کسی بھی طرح بلوچستان کے عوام کو نہیں بھولے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی حکومت جنوبی بلوچستان کے لئے ترجیحی بنادوں پر اقدمات کررہی ہے ، اس سلسلے میں خصوصی پیکج کے ذریعے وہاں ڈیمز کی تعمیر انڈسٹریز کا قیام اور عوام کی فلاح کے لئے دیگر منصوبے بھی تشکیل دینے کے لئے اقدامات کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں