ہلال احمر پاکستان کا روڈ سیفٹی کے فروغ کےلیے منصوبے کا آغاز

عوامی سطح پر آگاہی مہم کو بہتر بنا کر حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے، چئیرمین ہلال احمر ابرارالحق

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 22 جنوری 2021 17:58

ہلال احمر پاکستان کا روڈ سیفٹی کے فروغ کےلیے منصوبے کا آغاز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2021ء،نمائندہ خصوصی،عمر جنجوعہ) ہلال احمر پاکستان ٹریفک حادثات، اموات اور زخمیوں کو کم کرنے اور جان بچانے کے لئے عام لوگوں میں روڈ سیفٹی کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لئے منصوبہ کا آغاز کر رہا ہے۔ اس منصوبے کو ہلال احمر کے ذریعہ موومنٹ کے دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر سرانجام دیا جائے گا جس سے عام عوام، مقامی ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں اور متعلقہ سرکاری حکام کو شریک بنایا جائے گا تاکہ وہ سڑکوں پر حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ منصوبہ ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کے لئے عالمی روڈ سیفٹی پارٹنرشپ کے ذریعہ ترتیب دیئے گئے اقدامات میں سے، ''انفرادی روڈ سیفٹی کمٹمنٹ کارڈ'' کو فروغ دے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت حادثے کے بعد کے ردعمل پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ ٹریفک پولیس اور موٹر ویز پولیس کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت دی جائے گی تا کہ حادثے کے بعد ہونے والے ردعمل کی صورت میں صلاحیتوں کو بڑھا کر زیادہ سے زیادہ جانوں کو بچایا جاسکے اور سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں لوگوں کے مستقل معذور ہوجانے کی شرح کو کم کیا جا سکے۔

اس منصوبے میں ایسے رضاکار شامل ہوں گے جو ’انفرادی روڈ سیفٹی کمٹمنٹ کارڈ‘ کے 10 نکاتی ایجنڈے کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔اس حوالے سے چیئرمین ہلال احمر جناب ابرار الحق کا کہنا ہے کہ روڈ سیفٹی پاکستان میں صحت عامہ کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ بعد ، ٹریفک حادثے میں کوئی شخص ہلاک یا بری طرح زخمی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سڑک کی وجہ سے ہونے والی اموات اور زخمیوں کی ایک بڑی وجہ شعور اور بیداری کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ” روڈ سیفٹی“ سے متعلق عوامی سطح پر آگاہی مہم کے ذریعے عوام الناس اور ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز کی آگاہی کی سطح کو بہتر بنانے سے روڈ ٹریفک اموات اور زخمیوں کو کم کیا جاسکتا ہے۔ چیئرمین ابرار ا لحق نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہلال احمر پاکستان کے تحت موومنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے شروع کیے جانے والے اس منصوبے سے عام لوگوں، مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور ٹریفک پولیس اہلکاروں میں شعور کے اضافہ کی بدولت پاکستان میں روڈ سیفٹی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ”روڈ سیفٹی “ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم سب کو سڑکوں پر ہونے والی اموات اور زخمی ہونے سے اپنے لوگوں کو بچانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ہلال احمر کے تحت شروع کردہ اس منصوبے کا مقصد پائیدار ترقیاتی اہداف( ایس ڈی جی) کا بھی حصول ہے ۔ جس کے مطابق پاکستان میں روڈ اموات کی موجودہ تعداد کو نصف کی سطح پر لانا ہے اور یہ نیشنل روڈ سیفٹی سٹریٹجی2018-2030 کے وژن کی بھی عکاس ہے۔

ہلال احمر کے اس اقدام کا ایک اور مقصد موجودہ قوانین کی آگاہی کے عمل کو مستحکم کرنا ہے تاکہ روڈ سیفٹی کو فروغ دینے میں حکومت کی مدد ہو سکے ۔ ”روڈ سیفٹی “سے متعلق موجودہ قوانین، رہنما اصول اور پالیسیوں پر عمل کرنے کے لئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک مہم چلائی جائے گی۔ دوسری طرف، عوامی حکام کو خاص طور پر روڈ سیفٹی کے اقدامات میں پائے جانے والے سقم سے بھی آگاہ کیا جائے گا، چونکہ آنے والے برسوں میں عوامی گاڑیوں اور مال بردار نقل و حمل میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں