آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم عبد القیوم قومیت کے اعتبارسے نیازی نہیں ہیں

نیازی صاحب کے وزیراعظم آزاد کشمیر ہونے پر قومیت پر مبنی تبصرات کیے جا رہے ہیں، اطلاع کیلئے عرض ہے کہ عبدالقیوم قومیت کے اعتبارسے نیازی نہیں ہیں، حکومت نے آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم کے نام سے متعلق وضاحت پیش کر دی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 4 اگست 2021 20:33

آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم عبد القیوم قومیت کے اعتبارسے نیازی نہیں ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 4اگست 2021) نیازی صاحب کے وزیراعظم آزاد کشمیر ہونے پر قومیت پر مبنی تبصرات کیے جا رہے ہیں، اطلاع کیلئے عرض ہے عبد القیوم اصل میں نیازی نہیں ہیں، حکومت نے آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم کے نام سے متعلق وضاحت پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کچھ لوگ نیازی صاحب کے وزیراعظم AJK ہونے پر قومیت پر مبنی تبصرات کر کے اپنی خفگی مٹا رہے ہیں۔

ایسے عناصر کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ عبد القیوم صاحب قومیت کے اعتبار سے نیازی نہیں ہیں۔بلکہ نیازی ان کا شاعری کا تخلص ہے۔یہ بھی اچھا ہے،لیکن اگر نیازی ہوتے تو اپوزیشن کیلئے اور بھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے۔نومنتخب اسپیکر چوہدری انوار الحق کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔

تحریک انصاف کے عبدالقیوم نیازی نے وزارت عظمیٰ کے لیے 33 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقدم مقابل متحدہ اپوزیشن کے چوہدری لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے۔آج وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کیا تھا جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کی۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے نومنتخب ایم ایل ائے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کے لیی27 ووٹ درکار ہیں، تین مزید نشستوں پر کامیابی کے بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں