نیوزی لینڈ کے جانے بعد واضح ہوگیا تھا انگلینڈ کی ٹیم بھی نہیں آئے گی

کرکٹ کو ایسا بنادیا گیا ہے کہ یہ ہی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 ستمبر 2021 12:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 ستمبر 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے جانے بعد واضح ہوگیا تھا انگلینڈ کی ٹیم بھی نہیں آئے گی۔ انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے بھی دورہ پاکستان ختم کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ کرکٹ کو ایسا بنادیا گیا ہے کہ یہ ہی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوابوں کی دنیا میں نہیں رہنا چاہئیے، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے جانے کے بعد واضح ہوگیا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی نہیں آئے گی۔

اس سے قبل بھی شیخ رشید نے لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر کڑی تنقید کی تھی۔ ان کا ایک بیان بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے جس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہوگی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستانی کرکٹ کے شوقین ہیں، وزیر اعظم نے ورلڈ کپ پاکستان کو دیا، میں اس وقت وزیر کھیل تھا، اپوزیشن نیوزی لینڈ کی ٹیم واپسی کا الزام ہم پر لگا رہی ہے، شیشہ کے گھر میں بیٹھ کر ہم پر تنقید نہ کی جائے، کابینہ نے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ ٹیم کو فوج کی سکیورٹی فراہم کی۔

ہمیں کسی سے کچھ جاننے کی ضرورت نہیں ، ہماری ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں، فائیو آئی اس وقت کہاں تھی جب نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں پریکٹس کررہی تھی ،جس ای میل کی بات ہورہی تھی وہ تو بعد میں آئی، ہم سے جو سلوک کیا جا رہا ہے اس کے مستحق نہیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی تھی اور گذشتہ شب انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے منع کردیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں