کورونا کی چوتھی لہر کا زور ٹوٹنے لگا، مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہوگئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 42 افراد جاں بحق ہوئے، اس دوران ایک ہزار780 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 98 فیصد رہی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 ستمبر 2021 10:42

کورونا کی چوتھی لہر کا زور ٹوٹنے لگا، مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہوگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 ستمبر 2021ء ) ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا زور ٹوٹنے لگا اور مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 افراد جاں بحق ہوئے جس کے ساتھ ہی ملک میں عالمی وباء سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 27 ہزار566 ہو گئی اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار780 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جس کی وجہ سے ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار668 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 44 ہزار 712 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 98 فیصد رہی۔

(جاری ہے)

ادھر عالمی ادارہ صحت کی کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی ہے،پاکستان میں کنٹری سربراہ پلیتھا ماہی پالا نے کہا کہ پاکستان میں مکمل ویکسین یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ، دنیا میں بعض ممالک میں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ڈیلٹا کیسز اور شرح اموات میں کمی رہی، اسمارٹ لاک ڈاؤ ن کی حکمت عملی کامیاب رہی ، اس کے علاوہ پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ویکسین کم ہونے کے باوجود کیسز کم رہے۔

میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان ویکسین لگانے میں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، پاکستان ایک روز میں 10 لاکھ ویکسین خوراکیں لگا رہا ہے، پاکستان کی ویکسین لگانے کی مہم انتہائی تیز اور مئوثر ہے، پاکستان میں مکمل ویکسی نیشن یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، اسی طرح پاکستان میں جزوی ویکسی نیشن والوں کی تعداد 40 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، اس کے برعکس دنیا میں ایسے ممالک بھی ہیں جہاں ویکسین وافراور ویکسی نیشن زیادہ ہونے کے باوجود کورونا کیسز کی تعداد زیاد ہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں