شوکت ترین کا 20 دسمبر کو سینیٹر منتخب ہونے کا قوی امکان

مشیر خزانہ شوکت ترین کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے کا امکان ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 29 نومبر 2021 15:42

شوکت ترین کا 20 دسمبر کو سینیٹر منتخب ہونے کا قوی امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2021ء) : مشیر خزانہ شوکت ترین کا سینیٹر بننے کا امکان مزید بڑھ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں سابق سینیٹر محمد ایوب کی خالی نشست کے لیے انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ سینیٹ کی اس خالی نشست پرانتخاب 20 دسمبرکو ہوگا۔ جس میں مشیر خزانہ شوکت ترین کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست کے لیے اُمیدوار کاغذات نامزدگی 30 نومبرسے 2 دسمبرتک جمع کروا سکیں گے جس کے بعد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 6 دسمبرکو ہوگی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پرانتخاب 20 دسمبرکوہوگا ۔ پولنگ خیبرپختونخوا اسمبلی پشاوربلڈنگ میں ہوگی ۔یاد رہے کہ سینیٹ کی نشست محمد ایوب آفریدی کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سینیٹر ایوب آفریدی کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا تھا۔ 23 نومبر کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوب آفریدی کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سینیٹر ایوب آفریدی کو مشیر اورسیز لگا دیا گیا۔ سینیٹر ایوب آفریدی نے کہا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کیا تاہم مشترکہ اجلاس کے باعث انتظار کا کہا گیا، میری سینیٹ کی نشست وزیراعظم کی امانت تھی، جسے میں نے خوشی سے واپس کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم کے صوابدید ہے جس کو چاہیں وہ ذمہ داری دیں، ایوب آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم کوئی ذمہ داری بھی نہیں دیں گے تو بھی مجھے کوئی اعتراض نہیں ہو گا لیکن اگر وزیراعظم عمران خان نے مجھے پھر سے موقع دیا تو میں قوم و ملک کی خدمت کروں گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کسی بھی غیر منتخب شخص کے لیے وفاقی وزیر رہنے کے لیے چھ ماہ میں رکن پارلیمنٹ بننا لازمی ہے۔ شوکت ترین کی آئینی مدت رواں ماہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں ختم ہوئی۔ شوکت ترین بطور وزیر کام جاری رکھیں اس کے لیے ان کو سینیٹر منتخب کروانا ایک قانونی تقاضا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شوکت ترین کو خیبرپختونخواہ سے سینیٹ کی نشست پر منتخب کروایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں