پاکستان میں اب تک اومی کرون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا

ہماری ترجیح ان لوگوں کی ویکسی نیشن ہے جنہیں اب تک ایک بھی ڈوز نہیں لگی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 30 نومبر 2021 13:03

پاکستان میں اب تک اومی کرون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2021ء) : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں اب تک اومی کرون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسی نیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ویکسی نیشن کا عمل مکمل نہیں کیا وہ کورونا کی مکمل ویکسی نیشن کروائیں۔

کیونکہ ہماری ترجیح بھی ان لوگوں کی ویکسی نیشن ہے جنہیں اب تک ایک بھی ڈوز نہیں لگی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز عالمی وبا کورونا وائرس کے نئے ویرنئیٹ ''اومی کرون'' سے متعلق وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے عوام کو خبردار کیا تھا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ کورونا کی نئی قسم انتہائی خطرناک ہے، نیا ویرینٹ پاکستان میں بھی آئے گا۔

(جاری ہے)

البتہ آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں ہمیں زیادہ سے زیادہ ویکسینیشن کر کے اس کا خطرہ کم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کا یہ ویرینٹ بہت خطرناک ہے ۔کورونا کی نئی قسم کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر احتیاط لازمی ہے۔ اس سے بچاؤ کے لیے ویکسین مؤثر ہوگی،ہم حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ پر کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کررہےہیں، نئے ویرینٹ کو روکنے کے لیے ہم سب کو کردارادا کرنا ہے ، سب سے ضروری یہ ہے کہ ویکسینیشن کا عمل مکمل ہو۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس نے ایک مرتبہ پھر سے سر اُٹھانا شروع کر دیا ہے۔ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 1.1 فیصد پر آ گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 728 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 84 ہزار 840 ہوگئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں