سڑکوں پر آنا عوامی مطالبہ ‘ لانگ مارچ سے حکومت گراکر دکھاؤں گا ، بلاول بھٹو زرداری

صدارتی نظام کا شوشہ ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کے مترادف ہے‘ جب بھی زبر دستی صدارتی نظام لانے کی کوشش کی گئی تو ملک ٹوٹا۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 جنوری 2022 16:14

سڑکوں پر آنا عوامی مطالبہ ‘ لانگ مارچ سے حکومت گراکر دکھاؤں گا ، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 جنوری 2022ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنا عوامی مطالبہ ہے ‘ لانگ مارچ سے حکومت کو گرا کر دکھاؤں گا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا مطالبہ ہے ہم اس حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں ، جس کی وجہ سے ہماری سی ای سی نے فیصلہ کیا کہ ہم 27 فروری کو حکومت کے خلاف نکلیں گے ، آئین اورقانون میں ایمرجنسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ، ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اسی لیے ہم نے جمہوری طریقے سے حکومت کو نکالنے کی بات کی تھی ، جس کے لیے ہم نے تحریک عدم اعتماد کی بات بھی کی لیکن ہمارے پاس سینیٹ میں فی الحال مطلوبہ تعداد پوری نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں عوام دشمن منی بجٹ کو زبردستی پاس کروایا ، ہم نے ایوان کے اندر اور باہر منی بجٹ پر احتجاج کیا ، ہم سے وعدہ کیا گیا کہ کچھ اشیاء پرٹیکس نہیں لگایا جائے گا وہ بھی غلط نکلا ، منی بجٹ بھی رات کے اندھیرے میں پاس کیا گیا اور اسٹیٹ بینک بل بھی ایوان سے زبر دستی منظور کروایا گیا جس کے بعد اب اسٹیٹ بینک پارلیمینٹ کو جوابدہ نہیں ہوگا اور آئی ایم ایف کے کہنے پر چلے گا جب کہ منی بجٹ کے نتیجے میں مہنگائی کا اثر بھی عوام پر پڑے گا۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ صدارتی نظام کا شوشہ ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کے مترادف ہے ، جب بھی زبردستی صدارتی نظام لانے کی کوشش کی گئی تو ملک ٹوٹا اور صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑنے والے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہے ہیں تاکہ ہم مہنگائی اور بے روزگاری کی بات نہ کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں