پارلیمان کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

پارلیمان کی بالادستی آئین و قانون کی حکمرانی کے بغیر ملکی تعمیر وترقء کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، راجہ پرویز اشر ف، زاہد اکرم درانی

بدھ 10 اگست 2022 15:37

پارلیمان کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2022ء) سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ملک کی ترقی کا راز پوشیدہ ہے، ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی نظام کے تسلسل اور جمہوریت کی مظبوطی ملکی بقا اور سلامتی کیلئے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی آئین و قانون کی حکمرانی کے بغیر ملکی تعمیر وترقء کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کو مل کرملک میں جمہوری اقدار کے فروغ اور پارلیمانی بالادستی کیلیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے پارلیمان موثر قانون سازی کے ذریعے اہم کردار کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کے لیے ضروری ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کے 75 سال مکمل ہونے پر قومی اسمبلی کے زیر اہتمام 10 سے 14 اگست تک ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منائی جا رہی ہیں ۔انہوں کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں متعدد پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں موجودہ اور سابق اراکین پارلیمان، صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ ان تقریبات کو منعقد کرنے کا مقصد عوام میں پارلیمان کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل پارلیمانی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پارلیمان کی مضبوطی اور ملک میں جمہوریت کا تسلسل ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوامی امنگوں کا آئینہ دار ادارہ ہے، اور پارلیمان کے ذریعے موثر قانون سازی کر کے ہم ملک ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے موثر قانون سازی پر یقین رکھتی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں