صدر مملکت آصف علی زرداری کا آزادی صحافت کے عالمی دن پر پیغام

جمعرات 2 مئی 2024 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم آزادی صحافت کا عالمی دن ایک ایسا ماحول تشکیل دینے کے عزم کے ساتھ منا رہے ہیں جہاں میڈیا نہ صرف خود مختار اور متنوع ہو بلکہ ہمارے آئین میں درج آزادیوں سے ذمے داری کے ساتھ لطف اندوز ہو سکے، یہ دن ہمیں اپنے ملک میں آزادی صحافت کی صورتحال پر غور کرنے اور صحافیوں کیلئے ایک محفوظ اور سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششیں کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

صدر مملکت نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک آزاد پریس عالمی اہمیت کے مسائل اجاگر کرنے، جعلی خبریں اور توہمات دور کرنے اور معاشرے کی جانب سے ایک نگران کے طور پر کام کرنے کیلئے ضروری ہے، عالمی تشویش کے مسائل بشمول موسمیاتی تبدیلی، گرین ٹیکنالوجیز، آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں بھی میڈیا کا اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال آزادی صحافت کے عالمی دن کا عنوان "سیارے کے لیے ایک پریس: ماحولیاتی بحران کا سامنا کرتی صحافت" موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے انسانی زندگی اور ماحول پر اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور لوگوں کو تعلیم دینے میں آزاد صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ میڈیا ہمارے ماحولیاتی نظام پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے جنگلات کے فروغ، صاف ٹیکنالوجی اپنانے، کاربن اخراج کم کرنے، اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے ذریعے لوگوں کو ماحول کے تحفظ کی ترغیب دینے میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے، اس سال کا عنوان اس بات پر بھی روشنی ڈالتا ہے کہ ایک آزاد اور ذمہ دار پریس کو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں گمراہ کن معلومات کے خلاف ہر اول دستے کے طور پر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کا عالمی دن اس بات کی یاد دہانی بھی کراتا ہے کہ دنیا بھر میں صحافیوں کو اپنا کام کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں صحافیوں کو ڈر، خوف یا ہراسیت سے پاک ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کر سکیں، اس لیے ضروری ہے کہ صحافیوں کی سکیورٹی اور سلامتی کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے وہ بلا خوف و خطر اہم مسائل پر آزادانہ رپورٹنگ کر سکیں، پاکستان کا آئین آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے تاہم یہ میڈیا کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافتی اخلاقیات کی پابندی کرے اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ اور درست رپورٹنگ کرے، میڈیا کو جعلی خبروں کے سدباب اور اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہم دنیا میں جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سماجی اور اقتصادی اہمیت کے مسائل، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں بھی میڈیا کے قابل ستائش کردار کو تسلیم کرتے ہیں، مجھے امید ہے کہ میڈیا عالمی تشویش کے مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، مجھے یقین ہے کہ ہمارے سیارے کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے بچانے کے لیے میڈیا کی جانب سے ان مسائل کی وکالت کی بدولت بین الاقوامی سطح پر تحریک پیدا ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں