پورے پاکستان کا الیکشن چوری کرلیا گیا‘ ملک میں کوئی بہتری نہیں آئی، شاہد خاقان عباسی

آج جو حکومت پارلیمنٹ میں بیٹھی ہے اس کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، ملکی مسائل کے حل کے لئے قابل لوگوں کو اختیارات دینے ہوں گے۔ سابق وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 13:38

پورے پاکستان کا الیکشن چوری کرلیا گیا‘ ملک میں کوئی بہتری نہیں آئی، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) سینئر سیاستدان اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کا الیکشن چوری کرلیا گیا، اس وقت ملک میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی عدالت نے پوچھا کہ جرم کیا اور نیب والے بھی بتاتے ہیں کہ مالی فوائد نہیں اٹھائے، نیب یہ بھی بتانے سے قاصرہیں کہ کون سے اختیارات سے تجاوز کیا، نیب کے پاس کیس کےکوئی شواہد نہیں ہوتے، سابق چیئرمین نیب کو جواب دہ تو ہونا پڑے گا، مستقبل میں جھوٹے کیسز سے بچنے کے لئےعدالت کوئی فیصلہ کرے گی۔

اپنی سیاسی جماعت سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعت ایک دن میں نہیں بنتی، اگلے ماہ تک سیاسی جماعت وجود میں آجائے گی، پورے پاکستان سے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے، ہم اسٹبلشمنٹ کی جماعتیں چھوڑ کر آئے ہیں کیوں کہ موجودہ سیاسی جماعتوں نے اقتدار کا راستہ اپنا لیا ہے، بانی پی ٹی آئی جس راستے سے آئے موجودہ حکومت بھی ایسے ہی آئی، حکومت کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے،ملکی مسائل کے حل کے لئے قابل لوگوں کو اختیارات دینے ہوں گے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ سیاسی معاملات کودرست کرنے تک مسائل حل نہیں ہوسکتے، آئی ایم ایف آپ کو زندہ رکھتا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ ہم ناکام ہوچکے ہیں، یہ بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے مہنگی بجلی خرید کر آپ کسی بھی سیکٹر میں کام نہیں کر سکتے، ہر اکنامک پیرامیٹرز پر آپ زوال پذیر ہیں، لوگ کہتے ہیں بجٹ میں کیا ریلیف آئے گا؟ آپ نے جو کچھ کرنا ہے قرضہ لے کر کرنا ہے، آپ کی انڈسٹری کی گروتھ ہو ہی نہیں سکتی، ہم آٹا بانٹنا شروع کر دیتے ہیں جس میں 40 فیصد چوری ہوتی ہے، اگر سیاسی معاملات کو درست نہیں کریں گے تو یہ معاملات درست نہیں ہوں گے، کسی خام خیالی میں نہ رہیں، تمام چیزیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں، ہم سب چیزوں سے بے نیاز ہو کر دعوے کرتے ہیں، ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں