مودی بھارت میں الیکشن جیتنے کے لئے ہر نا جائز حربہ استعمال کر سکتا ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعہ 26 اپریل 2024 15:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مودی بھارت میں آئندہ عام انتخابات جیتنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے کیونکہ مودی ہندوتوا کی پالیسی پر گامزن ہے اوریہ الیکشن جیتنے کے لئے مودی ہر نا جائز حربہ استعمال کر سکتا ہے،ایسے حالات میں اوورسیز کشمیریوں کو بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو متحرک ہو کر بین الاقوامی برادری کے سامنے بھارت اور مودی کے ان ظالمانہ عزائم کا پردہ چاک کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں امریکہ (واشنگٹن)میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سردار ذوالفقار روشن نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معروف دانشور ڈاکٹر ولید رسول بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مظلوم کشمیری عوام کی حمایت کی ہے اور دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے بھرپور انداز میں اپنی آواز بلند کی ہے، لہذا اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو متحرک ہو کر بھارت اور مودی کے اس گھنائونے چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے۔

بین الاقوامی برادری پہلے ہی جان چکی ہے کہ مودی اور بھارت کی خفیہ ایجنسی’ را‘ بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہیں، بالخصوص کینیڈا میں سکھ رہنماء ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں مودی اور بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں جس کا اظہار کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کینیڈین پارلیمنٹ میں کر چکے ہیں جس سے مودی کی دہشت گردی دنیا بھر میں عیاں ہو چکی ہے۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو آج تک زندہ رکھا ہوا ہے کیونکہ امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف عالمی فورمز پر انتہائی متحرک اور جاندار طریقے سے آواز بلند کی ہے اور دنیا کی توجہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے اور کشمیریوں کو اُن کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلوانے کی طرف مبذول کرائی ہے۔

اس موقع پر اوورسیز کشمیریوں کے وفد نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم کے خلاف کی جانے والی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں