پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا سمندر میں انسداد منشیات کا مشترکہ آپریشن، شمالی بحیرہ عرب میںمنشیات کی بھاری مقدار کو قبضے میں لے لیا

بدھ 19 ستمبر 2018 22:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے سمندرمیں انسدادِ منشیات کا مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے شمالی بحیرہ عرب میں ایک کشتی سے تقریباً تین ٹن حشیش پکڑی جس کی مالیت کئی ملین ڈالر ہے۔ اس آپریشن میں اینٹی نارکوٹکس فورس کا بھی تعاون حاصل تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سمندرمیں انسداد منشیات ہمیشہ سے ہی پُر خطر اور پیچیدہ عمل رہا ہے کیونکہ سمندر کی بے پناہ وسعت غیر معمولی نگرانی کا تقاضا کرتی ہے۔

یہ میری ٹائم آپریشن محتاط منصوبہ بندی ،ہر جاہ نگرانی اور سمندر میں موجود بے شمار جہازوں کے اندازِ سفر کے تجزیے کا نتیجہ تھا۔ پکڑی گئی منشیات تلف کرنے کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دی گئی۔

(جاری ہے)

اس پیچیدہ آپریشن کی کامیاب تکمیل قومی میری ٹائم فورسز کے اعلیٰ اشتراک ،رابطہ سازی اور تعاون کی بہترین مثال ہے۔ یہ آپریشن قوم کیلئے اس امر کی یقین دہانی بھی ہے کہ سمندروں کو کسی بھی غیر قانونی مقصد کے استعمال سے تحفظ فراہم کرنے اور آزادانہ قانونی تجارت کو ممکن بنانے کیلئے پاک بحریہ او رپاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی ہمہ وقت تیار، چوکس اور پر عزم ہیں۔

قومی ذمہ داری نبھانے اور شمالی بحیرہ عرب میں قانون کی عملداری کے قیام کا فرض نبھانے کے مشن کے ضمن میں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مابین تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں