وفاقی شرعی عدالت نے ملک بھر میں سودی نظام کے خاتمے سے متعلق دائر

118درخواستوں کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی

پیر 24 ستمبر 2018 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وفاقی شرعی عدالت نے ملک بھر میں سودی نظام کے خاتمے سے متعلق دائر 118درخواستوں کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فریقین آئندہ سماعت پر ربا اور انٹرسٹ کی تشریح سے متعلق تیاری کرکے آئیں ، پیرکو چیف جسٹس شریعت کورٹ نجم الحسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے رباکے خاتمے کے حوالے سے جماعت اسلامی سمیت مختلف فریقین کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اٹارنی جنرل انور منصور خان نے پیش ہوکر موقف اختیا رکیا کہ عدالت پہلے ربا کی تشریح کرے پھر مقدمے کو آگے بڑھایا جائے، میری استدعا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے سودی نظام کے خاتمے سے متعلق مقدمے میں اٹھائے گئے سوالات کو پہلے حل کیا جائے جس پر چیف جسٹس شریعت کورٹ نجم الحسن نے ان کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دائرہ اختیار مختلف ہے،شریعت کورٹ ہدایات جاری کر سکتی ہے، سودی نظام کے خاتمے کیلئے عدالت نے کوئی حکم جاری نہیں کیا، سودی نظام کا خاتمہ پارلیمان نے کرنا ہے۔ بعدازاں مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں