آئی سی آر سی کے زیر اہتمام ’’ہیومنٹیرین رپورٹنگ ایوارڈز 2018‘‘ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں

منگل 16 اکتوبر 2018 18:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے زیر اہتمام سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم کے اشتراک سے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں ’’ہیومنٹیرین رپورٹنگ ایوارڈز 2018‘‘ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ایوارڈز کا مقصد ہیومن رپورٹنگ کے شعبہ میں کی جانے والی ان کوششوں کو سراہنا ہے جن کے ذریعے مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے انسانی المیوں، تباہیوں اور آفات کی رپورٹنگ کر کے حقائق سامنے لائے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ انسانی المیوں اور آفات سے معذوری کا شکار ہونے والے افراد اور کسی بھی آفت اور تباہی کی صورت میں اس سے نمٹنے کی تیاری کیلئے کی جانے والی رپورٹنگ کو ان ایوارڈز کا موضوع بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایوارڈز تین درجوں میں تقسیم کئے گئے ہیں اور ایسے صحافیوں کو دیئے جائیں گے جنہوں نے کسی بڑے نشریاتی ادارے (اردو) میں انسانی المیوں اور تباہیوں سے متعلق رپورٹنگ کی ہو۔

دوسری کیٹیگری میں کسی بڑے پرنٹ و آن لائن (اردو) اور تیسری کیٹیگری میں کسی بڑے پرنٹ و آن لائن (انگلش) میں اس موضوع سے متعلق اشاعت شامل ہیں۔ ایوارڈز میں حصہ لینے کے لئے پاکستان بھر سے 200 سے زائد رپورٹرز نے اپنی رپورٹنگ بھیجی ہے جس کا پاکستان کے نمایاں اور ممتاز صحافیوں کے ایک پینل نے جائزہ لیا ہے اور یہ پینل ایوارڈز جیتنے والے صحافیوں کا انتخاب کرے گا۔

سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم ۔ آئی بی اے کے ڈائریکٹر کمال صدیقی نے اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ ہم ہیومنٹیرین رپورٹنگ ایوارڈز کے لئے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے اشتراک سے ان ایوارڈز کا اہتمام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہیومنٹیرین رپورٹنگ کے شعبہ میں کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر انتہائی مسرور ہیں جس میں ہمارے بہادر اور ہونہار صحافیوں نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا ہے اور اسے سراہا ہے۔

آئی سی آر سی کے ہیڈ آف کمیونیکیشنز نجم عباسی نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی آر سی ہیومنٹیرین ایوارڈز کا مقصد ایسے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کی کاوشوں کو سراہنا ہے جنہوں نے انسانی المیوں اور آفات کی رپورٹنگ کی اور مشکلات اور مسائل کا شکار لوگوں کی تکلیف کو اجاگر کیا۔ ان کی یہ کاوشیں قابل تحسین ہیں اور ہم ان کی ان کاوشوں کو سراہنے کے لئے ان ایوارڈز کا اہتمام کرتے ہیں۔ ایوارڈز کی تقریب جمعرات (18 اکتوبر 2018ئ) کو سینٹر آف ایکسیلنس ان جرنلزم (سی ای جی) کے دفتر واقع امان ٹائور، آئی بی اے صدرکیمپس میں ہوگی جہاں ایوارڈز جیتنے اور مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے صحافیوں کو ایوارڈز و انعامات دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں