آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور بزم ادب کینبرا کے اشتراک سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب کا انعقاد

منگل 13 نومبر 2018 20:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمشنر اور بزم ادب کینبرا کے اشتراک سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی۔ ہائی کمیشن کی چانسری میں ہونے والی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر بابر امین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال پاکستان کے نظریاتی بانی اور قومی شاعر ہیں۔ انہوں نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا خواب دیکھا، اپنی شاعری میں انہوں نے مسلم امہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا ہے، ان کا فلسفہ خودی آج بھی ہمارے مسائل کا حل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے امن، ترقی اور ہم آہنگی کا عالمگیر پیغام دیا ہے۔

کینبرا اسلامک سنٹر کے امام اور برکینا فاسو سے تعلق رکھنے والے مذہبی سکالر ادما کونڈا نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور فلسفہ نے افریقہ کو بھی متاثر کیا ہے۔ بزم ادب کینبرا کے صدر ندیم شیخ اور ڈاکٹر نعمت چیمہ نے اپنے خطاب میں علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر بچوں نے خاکے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں