حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی پر یقین رکھتی ہے،علی امین خان گنڈا پور

کمیٹی اپنے ٹرم آف ریفرنس کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بااختیار کرنے کی تجویز دے گی،وفاقی وزیر

پیر 19 نومبر 2018 18:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق دینے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر کے علاوہ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، گورنر گلگت بلتستان،وزیر قانون گلگت بلتستان،خارجہ ،دفاع اور اُمور کشمیر کے وفاقی سیکرٹریز ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اُمور کشمیر نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں یقین رکھتی ہے جس کا واضح ثبوت پچھلے دورحکومت میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں اس کی جانب سے قائم شدہ بلدیاتی نظام ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اُن کی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ایک آئیڈیل نظام کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جس سے عوام کے بنیادی مسائل کو نچلی سطح پر حل کرنے میں بھرپور مد دملی۔

گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق دینے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہاکہ اس سلسلے میں ہمیں گلگت بلتستان آرڈر2018 ء سپریم کورٹ کے الجہاد ٹرسٹ کے فیصلے،اٹارنی جنرل صاحب کی تجاویز اور سب سے اہم اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قرار دادوں کو سامنے رکھ کر ایسی تجاویزمرتب کرنی ہیں جس میں ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ آئینی و انتظامی اختیار دیے جاسکیں اور دوسری جانب اہم ترین قومی مفادات کا بھی تحفظ کیا۔

اجلاس میں کمیٹی نے اس امرپر بھی اتفاق کیا کہ یہ کمیٹی اپنے ٹرم آف ریفرنس کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ بااختیار کرنے کی تجویز دے گی ۔معاملے کی اہمیت اور اس پر تفصیلاً غور وغوض کے لیے کمیٹی نے باہمی اتفاق رائے سے اٹارنی جنرل آف پاکستان کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا جو روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرے گی اور تمام سٹیک ہولڈرزکی باہمی مشاورت سے اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے کمیٹی کے اجلاس میں پیش کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں