این ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات کا پوسٹ مون سون ریویو2018ء کانفرنس سے خطاب

بدھ 12 دسمبر 2018 22:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پوسٹ مون سون ریویو2018ء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے سندھ اور بلوچستان سے خشک سالی کے حوالہ سے تفصیلی سفارشات طلب کیں تاکہ ملکی سطح پر ایک جامع پالیسی مرتب کی جا سکے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے حسن آباد ششپر گلیشیئر جھیل کے حوالہ سے بھی ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ یہ ٹیم ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر صدارت ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کرے گی جو کہ وزیراعظم پاکستان کو پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ممبر آپریشن این ڈی ایم اے بریگیڈیئر مختار احمد نے مون سون 2018ء کے حوالہ سے شرکاء کو تفصیلاً آگاہ کیا۔

انہوں نے مون سون کے دوران ہونے والے نقصان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قبل از وقت آگاہی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی مدد سے مستقبل میں مزید نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔ ا نہوں نے سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے حکام کے علاوہ محکمہ موسمیات، سپارکو، واپڈا، منگلہ و تربیلا ڈیم، فیڈرل فلڈ کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی اور اس حوالہ سے اپنے اپنے محکموں کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں